ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مزدوروں کے حقوق خیرات نہیں ہیں :مارکسی کمیونسٹ پارٹی

مزدوروں کے حقوق خیرات نہیں ہیں :مارکسی کمیونسٹ پارٹی

Sat, 03 Sep 2016 12:55:37    S.O. News Service

نئی دہلی، 2 ؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے آج لیبرتنظیموں کی جانب سے بلائی گئی ملک گیر ہڑتال کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ مخالفت ہم میں سے ہر ایک کے لیے ہے اور مزدوروں کوان کے حقوق دینا کوئی خیرات نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ ملک کی 10مرکزی لیبر تنظیموں نے اپنے مختلف مطالبات کو لے کر آج سے ملک گیر ہڑتال بلائی ہے۔سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں لکھاکہ آج کی ملک گیر ہڑتال مزدوروں (منظم اور غیر منظم) کسانوں، بے روزگاروں اور ہم میں سے ہر ایک کی ہڑتال ہے ۔مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر نے مزدور تنظیموں کی جانب سے کئے گئے 12مطالبات کو بھی دوہرایا۔ان مطالبات میں منظم اور غیر منظم علاقے کے مزدوروں کی کم از کم مزدوری کم سے کم 18000روپے ماہانہ(تقریباََ 692روپے یومیہ )کیا جانا بھی شامل ہے۔راجیہ سبھا رکن رام یچوری نے اپنے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کہا کہ جب آجر کے منافع کی حد مقرر نہیں ہے، تو بونس، پروویڈنٹ فنڈ اور گریچیو ٹی کی حد طے کیوں کی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس)کی حمایت یافتہ تنظیم بھارتیہ مزدور سنگھ کو چھوڑ کر ملک کی تمام اہم مزدور تنظیمیں اس ہڑتال میں شامل ہیں۔ہڑتال میں شامل سبھی مزدور تنظیموں نے آج لیبر قانون میں مزدور مخالف تبدیلی اور کم از کم مزدوری کو لے کر مرکزی حکومت کے غیر حساس رویہ کے خلاف نعرے بازی اور احتجاج بھی کیا۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کل بنگال میں ہڑتال کی اجازت نہ دینے کی بات کہی تھی اور عوامی زندگی میں خلل ڈالنے والوں پر سخت کارروائی کرنے کی وارننگ دی تھی۔میڈیا خبروں کے مطابق حکومت نے مرکزی عوامی علاقے کی صنعتی اکائیوں میں غیر ہنر مند غیر زرعی مزدوروں کی کم از کم اجرت 246روپے یومیہ سے بڑھا کر 350روپے یومیہ کر دیا ہے۔حالانکہ مزدور تنظیموں نے اس اضافہ کوپوری طرح ناکافی بتایا ہے۔


Share: